شاہجہاں پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس آنند نے بتایا کہ جلال آباد پولیس تھانے میں تعینات دروغہ سنیل شرما پر ایک خاتون نے جنسی زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ خاتون کے مطابق اسے ایک معاملے کی عدالتی پیروی سے روکنے کے لیے دروغہ نے اس واردات کو انجام دیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ایک مقدمہ کی پیروی کے لئے شاہجہان پور سے کلان جانے کے لئے جلال آباد سے آٹو میں سوار ہوئی تھی لیکن آٹو ڈرائیور نے اسے ایک ویران جگہ پر اتاردیا اور کلان جانے سے انکار کردیا۔ اسی دوران دروغہ سنیل شرما وہاں پہنچے اور مقدمہ میں پیروی نہ کرنے کے لئے دھمکی دی۔ ان کی بات نہ ماننے پراسے اپنی کار میں زبردستی ڈال کر ویران جگہ پر لے گئے۔
آنند نے بتایا کہ اس کے بعد دروغہ نے کولڈ ڈرنک میں کوئی نشیلی چیز ملا پلائی اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ الزام کے مطابق ملزم دروغہ نے خاتون کا فحش ویڈیو بھی بنا لیا۔
ضلع بدایوں کی رہنے والی خاتون نے گذشتہ سال 2 ستمبر کو دروغہ سنیل شرما کے خلاف جنسی زیاد تی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس وقت سنیل شرما کلان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او تھے۔ خاتون نے شرما پر الزام لگایا تھا کہ اس کا اپنے شوہر سے جہیز سے متعلق تنازع چل رہا ہے اور اسی معاملے پر وہ ایس ایچ او سے رابطہ میں آئی تھی۔
دروغہ نے اس خاتون کے ساتھ قربت بڑھائی اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ دروغہ کا فحش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کے خلاف معاملہ درج کیا گیا تھا۔ لیکن بدایوں پولیس نے اپنی تحقیقات میں اس معاملے کو ختم کرتے ہوئے حتمی رپورٹ پیش کر دی ہے۔
متاثرہ خاتون 8 جنوری کو اسی معاملے میں احتجاج درج کرانے کے لئے شاہ جہاں پور عدالت آئی تھی۔ خاتون کے مطابق وہاں سے واپس آتے وقت مذکورہ دروغہ نے اس کے ساتھ ایک بار پھر جنسی زیادتی کی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند نے بتایا کہ ملزم دروغہ سنیل شرما کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ وہیں، متاثرہ کی جانب سے درج کیے گئے معاملے کی تفتیش دوسرے ضلع کی پولیس سے کرائی جائے گی۔