شاہجہاں پور: ریاست اترپردیش کے ضلع شاہجہاں میں ہولی کے تہوار کے پیش نظر ضلع انتظامیہ ایکٹیو ہوگئی ہے۔ شاہجہاں پور میں پولیس نے مساجد کو ترپال سے ڈھانپ دیا ہے۔ سٹی مجسٹریٹ آشی سنگھ کا کہنا ہے کہ ہولی کے دوران مساجد پر رنگ یا جوتے پھینکنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ جس کی وجہ سے اکثر حالات کشیدہ ہوجاتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے اب مساجد کو ڈھانپ دیا گیا ہے تاکہ ہولی پرامن طریقے سے منائی جا سکے۔ بتا دیں کہ شاہجہاں پور میں جوتوں سے ہولی کھیلی جاتی ہے۔ جس کا مقصد انگریزوں کے تئیں اپنے غصے کا اظہار کرنا ہے۔ درحقیقت شاہجہاں پور میں ہولی کے تہوار کے دوران برطانوی دور حکومت کی مخالفت کے لیے لاٹ صاحب کا جلوس بہت ہی منفرد انداز میں نکالا جاتا ہے۔ یہاں لاٹ صاحب کو بھینس گاڑی پر بیٹھاکر اور ہیلمٹ پہنا کر پورے شہر میں گُھمایا جاتا ہے اس کے بعد جوتوں اور چپلوں سے پٹائی کی جاتی ہے۔ رنگ میں بھیگے ہوئے لوگ نعرے لگاتے ہوئے لاٹ صاحب کا جلوس نکالتے ہیں۔ لاٹ صاحب کے اس جلوس کو انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے۔ اس وجہ سے ضلع انتظامیہ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع کی 32 مساجد کو ترپال سے ڈھانپ دیا ہے۔
سٹی مجسٹریٹ آشی سنگھ کا کہنا ہے کہ شاہجہاں پور میں ہولی کے دو اہم جلوس نکالے جاتے ہیں۔ جس میں ایک جلوس چھوٹے لاٹ صاحب کے لیے اور دوسرا بڑے لاٹ صاحب کے لیے نکالا جاتا ہے۔ پولیس اسٹیشن رام چندر مشن علاقے میں چھوٹے لاٹ صاحب کا جلوس نکالا جاتا ہے۔ جبکہ بڑے لاٹ صاحب کا جلوس کوتوالی چوک پولیس اسٹیشن اور کوتوالی صدر تھانے کے درمیان 8 کلومیٹر تک دو تھانوں کے تحت نکالا جاتا ہے۔ دونوں جلوسوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع میں جل نگم اور سیوریج لائن کا کام جاری ہے۔ اس جلوس کے حوالے سے روٹ طے کیا جا رہا ہے۔ سٹی مجسٹریٹ آشی سنگھ نے کہا کہ ہولی پر لاٹ صاحب کے جلوس کے دوران کچھ شرارتی عناصر مساجد پر رنگ یا کوئی اور چیز پھینکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے مساجد کو ترپال سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاٹ صاحب کے جلوس کی ویڈیو گرافی کے ساتھ ہی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : UP Al-Qaeda Case جمعیۃ علماء کی قانونی امداد، لکھنؤ ہائی کورٹ نے دو مسلم قیدیوں کی ضمانت منظور کی