سنبھل : کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے امریکہ میں مسلمانوں سے متعلق دیئے گئے بیان پر سیاست تیز ہوگئی ہے۔ کیلیفورنیا کے بھارتی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ آج بھارت میں جو مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ 1980 کی دہائی میں دلتوں کے ساتھ ہوا تھا۔ جس پر ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمان برق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی کے مسلمانوں پر دیے گئے بیان پر سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمان برق نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جو ظلم مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہی دلتوں کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ہمیشہ ظلم ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمیشہ سے مسلمانوں پر ظلم ہوا ہے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ کچھ زیادہ ہی زیادتی کی جارہی ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا جارہا ہے ظلم بڑھتا جارہا ہے لوگ پریشان ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں وہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کرنے میں مصروف تھی۔ یہاں تک کہ انہوں نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ جمہوریت کا تقاضہ کیا ہے۔ اس ملک کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو افتتاحی تقریب میں مدعو تک نہیں کیا گیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا نظریہ جمہوریت کے خلاف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : Shafiqur Rahman Burq on Population Control Law آبادی کو کنٹرول کرنے کا قانون کامیاب نہیں ہوگا، ڈاکٹر شفیق الرحمن برق