ریاست اترپردیش کے ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کے تعلق سے 'انڈو اسلامک کلچرل فاونڈیشن' کے سیکرٹری و ترجمان اطہر حسین نے بتایا کہ 'مسجد میں مینار یا گنبد ہوگا، اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، لیکن امید یہی ہے کہ مسجد بالکل 'نئے ڈیزائن' کی ہوگی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران اطہر حسین نے بتایا کہ 'ایودھیا میں مسجد کے علاوہ انڈو اسلامک ریسرچ سینٹر، ہسپتال، کمیونٹی کچن اور میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جامعہ ملیہ کے پروفیسر ایس ایم اختر کو ٹرسٹ نے مسجد کی ڈیزائن بنانے کا ذمہ سونپا ہے۔ اس کے ساتھ جتنے بھی تعمیراتی کام ہوں گے، اس کی ڈیزائن بھی پروفیسر موصوف ہی تیار کریں گے۔'
اطہر حسین نے بتایا کہ 'مسجد میں مینار گنبد ہوگا یا نہیں، اس کے بارے میں ٹرسٹ کو کوئی جانکاری نہیں ہے کیونکہ ٹرسٹ نے پروفیسر ایس ایم اختر کو پوری آزادی دی ہے کہ وہ اپنے مطابق اور اپنے طریقے سے کام کریں اور بہتر ڈیزائن تیار کریں۔'
ٹرسٹ کے ترجمان نے کہا کہ 'مینار یا گنبد اسلامک کلچر میں شامل نہیں ہے بلکہ یہ ڈیزائن ترکی، ایرانی یا مغل دور کا کلچر ہے۔ خانہ کعبہ میں نہ کوئی مینار ہے اور نہ ہی گنبد۔'
انہوں نے کہا کہ 'قطر اور کرناٹک میں ایسی مساجد تعمیر ہوئی ہے، جس میں 'انرجی فری' ہے تاکہ بجلی کی ضرورت نہ رہے۔'
اطہر حسین نے کہا کہ 'ہماری کوشش رہے گی کہ ہماری مسجد میں بھی اسی طرح کے نئے ڈیزائن اور نئی ٹیکنولوجی کا استعمال ہو۔ حالانکہ ابھی تک ہمارے پاس پروفیسر اختر کی جانب سے کوئی ڈیزائن نہیں آیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'انڈو اسلامک کلچر فاؤنڈیشن' کے تحت ایودھیا میں مسجد کے ساتھ ہی ہسپتال بھی تعمیر ہوگا۔ ہسپتال میں 200 بیڈز ہوں گے، تاکہ پورے فیض آباد کی عوام کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'ٹرسٹ عوامی چندہ جمع کرنے کے لئے دو بینک اکاؤنٹز پہلے ہی کھول چکا ہے۔ اب ایک 'پورٹل' بنایا جائے گا، جس میں ٹرسٹ سے وابستہ تمام جانکاریاں ہوں گی، ساتھ ہی عوام اس میں اپنی رائے کا اظہار بھی کر سکیں گے۔'
یہ بھی پڑھیں: امراؤ بیگم لکھنوی کے نام سے بنارس میں مقبرہ کی حقیقت کیا ہے؟
ٹرسٹ کے ترجمان نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران واضح کر دیا ہے کہ ابھی مسجد کی ڈیزائن پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اب ساری جانکاری انڈو اسلامک کلچرل فاونڈیشن ٹرسٹ کے 'پورٹل' پر موجود ہوں گی۔