اترپردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر حکومت نے سابقہ فیصلے میں توسیع کرتے ہوئے درجہ ایک سے 12 تک کے اسکولوں کو 11 اپریل تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اس معاملے پر رامپور میں طلبہ اور اسکول انتظامیہ کا ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ وہیں، ضلع انتظامیہ نے سوشل ڈسٹینسنگ اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانہ وصول کرنے کا بھی حکم صادر کیا ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے فیصلہ لیا ہے کہ درجہ ایک سے 12 تک کے اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے جبکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں (کالجز اور یونیورسٹیز) کو بند کرنے کے لئے ضلع کلیکٹر وائس چانسلر سے تبادلہ خیال کر کے کسی بھی فیصلے کے لیے مجاز ہوں گے۔ جن تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا وہاں آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ساتھ ہی جو اعلیٰ تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے وہاں رہنما ہدایات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلی کے اسکول بند کرنے کے فیصلہ پر طلبہ کے درمیان کافی مایوسی دیکھی جا رہی ہے۔ وہیں، اسکول منتظمین طلبہ سے فیس وصول کیے جانے سے متعلق پریشان نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب ضلع میں کورونا کے مریضوں میں تواتر کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
رامپور میں دو اور تین مارچ کے درمیان 8 نئے پازیٹیو مریضوں کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی کل پازیٹیو مریضوں کی تعداد بڑھ کر اب 81 ہو گئی ہے۔ جبکہ اس سے پہلے پازیٹیو مریضوں کی تعداد 73 تھی۔
کورونا مریضوں میں بدستور اضافہ کے پیش نظر ضلع انتظامیہ الرٹ ہے۔ ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار ماندڑ نے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانہ وصول کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ اس کے لئے ضلع بھر میں ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹیمیں عوامی مقامات پر سرگرم رہ کر سوشل ڈسٹینسنگ اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف جرمانہ لگانے کی کارروائی کرے گی۔