میرٹھ: میرٹھ میں یوم دستور کے موقع پر سماج وادی پارٹی کی جانب سے آئین بچاؤ پیدل مارچ کا اہتمام کیا گیا. میرٹھ میں سماجوادی پارٹی کے سردھنہ اسمبلی رکن اتل پردھان کی قیادت میں نکالی گئی یہ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی میرٹھ میں کمشنری چوراہے پر واقع امبیڈکر کی مورتی پر اختتام پذیر ہوئی. ریلی میں ایس پی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کرکے ملک کے دستور کو بچانے کی بات کہی۔ Samajwadi Party Rally On Constitution Bachav in Meerut
یوم دستور کے موقع پر سماجوادی پارٹی سردھنہ اسمبلی رکن اتل پردھان کی قیادت میں آئین بچاؤ پد یاترا نکالی گئی۔ جسے آر ایل ڈی کے قومی صدر چودھری جینت سنگھ نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ پیدل مارچ میرٹھ کے گڑھ روڈ پر واقع امبیڈکر ڈگری کالج سے شروع ہوا، ہاپوڑ اڈہ، ایوج چوراہا، بچہ پارک سے ہوتی ہوئی یہ ریلی میرٹھ کمشنری چوک پر پہنچی۔ سماج وادی پارٹی کی طرف سے نکالے گئے 'آئین بچاؤ' مارچ میں پارٹی کے ہزاروں کارکنوں اور طلباء نے حصہ لیا۔ اتل پردھان نے کہا کہ موجودہ ماحول میں آئین کو بچانے کا چیلنج ہے، جس کے لیے نوجوانوں اور ملک کے آئینی اداروں کو آگے آنا ہوگا۔