سماج وادی پارٹی نے ہاتھرس متاثرہ دلت لڑکی کی والدین کی اجازت کے بغیر آخری رسومات انجام دینے پر یوگی حکومت تنقید کا نشانہ بنایا۔ سماج وادی پارٹی کے کارکن ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کے دوران یوگی حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
احتجاجی مظاہرین نے دلت لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعہ میں پولیس کاروائی کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ مجرمین کو گرفتار کرنے سے زیادہ متاثرہ کے افراد خاندان کو دھمکانے میں مصروف تھے۔
ایس پی کارکنوں نے کہا کہ ’معاملہ کو دبانے اور ملزمین کو بچانے کےلیے پولیس کی جانب سے رات دو بجے والدین کی مرضی کے بغیر متاثرہ لڑکی کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
سماج وادی رہنماؤں نے اترپردیش پولیس پر ملزمین کی مدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ ایس پی کارکنوں نے وزیراعلیٰ کی قیامگاہ کے قریب بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور اطلاعات کے مطابق اس دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔