اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں سماجوادی پارٹی( ایس پی) نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ نوئیڈا سماجوادی پارٹی کے نائب صدر شکیل سیفی اور سماج وادی پارٹی کے نوئیڈا مہانگر لوہیا واہنی کے صدر عظیم علی زیدی کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے نوئیڈا کی سڑکوں پر حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئی سٹی مجسٹریٹ کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے صدر رام ناتھ کووند کے نام سٹی مجسٹریٹ کو میمورنڈم پیش کیا۔
اس موقع پر ایس پی نوئیڈا مہا نگر کے نائب صدر شکیل سیفی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی اور اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت غریبی کے بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہے۔ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں 100 روپے سے تجاوز کر گئی ہیں لیکن ان دونوں حکومتوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ عام آدمی روزی روٹی کے لیے ترس رہا ہے لیکن دونوں حکومتیں بلند بانگ دعوے کرنے میں مصروف ہیں۔
وہیں نوئیڈا کے سماج وادی پارٹی کے لوہیا واہنی ونگ کے صدر عظیم علی زیدی نے حکومت کی شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں عوام بھارتی جنتا پارٹی کو سبق سکھائیں گے۔ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ عام آدمی کے لیے روزمرہ کی اشیاء خریدنا مشکل ہو گیا ہے لیکن بی جے پی عام لوگوں کے مسائل سے بے خبر ہے۔
مزید پڑھیں: بانڈی پورہ: حاجن، سوناواری میں سومو ڈرائیوروں کا احتجاج
ملک میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں 100 روپے سے تجاوز کر گئی ہیں جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔ کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں مہنگائی کی وجہ سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر حملہ آور ہیں۔ اتر پردیش میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے تمام شاخیں اس سلسلے میں پوری طرح سرگرم ہیں۔ پارٹی پوری ریاست میں حکومت کے خلاف صف بند ہے اور عوام کے مسائل کو لے کر ایس پی کارکنان کا سڑکوں پر احتجاج جاری ہے۔