نوئیڈا: ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ملزم شریکانت تیاگی اور ان کے اہل خانہ کے تئیں سماجوادی پارٹی کے رہنما نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی نے پہلے سریکانت تیاگی کو 'غنڈہ' کہا تھا لیکن اب اس پارٹی کے رہنما شریکانت کے خاندان کے تئیں ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے رہنما شاہد منظور نے کہا کہ شریکانت تیاگی کے اہل خانہ کو پولیس نے ہراساں کیا ہے، پولیس کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
سماج وادی پارٹی کے وفد نے شریکانت تیاگی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر کثیر تعداد میں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے، پولیس نے صرف 9 رہنماؤں کو ہی سوسائٹی کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی۔ دوسری جانب جب وفد نے شریکانت کے اہل خانہ سے ملاقات کی تو پارٹی کے اندر سے ہی اس کے خلاف آواز بلند ہونے لگی، نوئیڈا سے پارٹی کے متعدد رہنما پارٹی کے اس وفد کے فیصلے سے نالاں نظر آئے۔
مزید پڑھیں:Tyagi Samaj Continue Protest شریکانت تیاگی کی حمایت میں تیاگی سماج کا دھرنا
واضح رہے کہ سورج پور ڈسٹرکٹ کورٹ نے شریکانت تیاگی معاملے میں ایک بار پھر عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ شریکانت تیاگی کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس کے لیے گوتم بودھ نگر ڈسٹرکٹ کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جس میں اسپیشل پراسیکیوشن ایڈووکیٹ ببلو چنڈیلا کی درخواست پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی ہے۔