اناؤ: اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے بی جے پی رکن پارلیمان ساکشی مہاراج نے پاکستانی خاتون سیما حیدر کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے ان لوگوں پر شدید نکتہ چینی کی ہے جو سیما حیدر سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ساکشی مہاراج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سیما حیدر میڈیا کے سوالوں کے جوابات دے رہی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کوئی عام خاتون نہیں ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو سنجیدگی سے اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاتون سیما حیدر بلوچستان کی رہائشی ہے۔ اس نے صرف پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے، جس طرح وہ صحافیوں سے ہندی اور انگریزی میں بات کر رہی ہے، اس طرح ملک کے سینئر سیاسی رہنما بھی صحافیوں کے سوالات کا جواب نہیں دے سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبت الگ ایک چیز ہے، لیکن سیما حیدر چار بچوں کی ماں ہے۔ اس عمر میں بھارت کے ہندو نوجوان سے محبت کیسے ہو سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ تفتیشی ادارے معاملہ کو سنجیدگی سے لے کر تحقیقات کریں۔ ملک کے ساتھ کوئی گڑبڑ نہیں ہونی چاہیے۔ یہ محبت نہیں بلکہ جاسوسی کا ایک پیادہ ہے۔ اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اس بارے میں تحقیقاتی ایجنسیاں ہی فیصلہ کر سکیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی سیما غلام حیدر کی پب جی گیم کے ذریعہ بھارت کے سچن سے دوستی ہوگئی۔ آہستہ آہستہ یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد سیما اور سچن نے نیپال میں خفیہ شادی کی۔ شادی کرنے کے بعد دونوں اپنے اپنے ملک چلے گئے تاہم کچھ دنوں بعد سیما نے نیپال کے راستہ بھارتی سرحد میں داخل ہوئی اور نوئیڈا میں سچن کے ساتھ مقیم ہیں۔
مزید پڑھیں: Seema Haider Love Story سیما حیدر ملک کیلئے خطرہ ہے، مولانا شہاب الدین رضوی