کانپورانکاؤنٹر کا مرکزی ملزم وکاس دوبئے کی جانکاری دینے والے کو اب ایک لاکھ روپئے کی جگہ اڑھائی لاکھ روپئے کا انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کی رات کو ملزم وکاس دوبے کے گھر پر چھاپہ ماری کرنے پہنچی پولیس ٹیم پر ملزمان نے حملہ کیا تھا۔
اس حملے میں پولیس کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔کانپور کے ریجنسی اسپتال میں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ اسی حادثے کے بعد جوابی کارروائی میں پولیس نے دو شرپسندوں کو ہلاک کردیا۔
اب اس معاملے میں ایس ایس پی دینش کمار پی نے کارروائی کی ہے۔ایس ایس پی نے تھانہ چوبے پور میں پیش آئے اس واقعہ کی ابتدائی جانچ میں غفلت برتنے کے باعث چوبے پور پولیس اسٹیشن میں تعینات دروغہ کنول پال، دروغہ کرشن کمار شرما اور آرکشی راجیو کو معطل کردیا ہے۔کال ریکارڈ کے ذریعہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ یہ تمام پولیس اہلکار ملزم وکاس دوبے کے ساتھ رابطے میں تھے۔وہیں اس معاملے میں ایس او چوبے پور ونئے تیواری کو پہلے ہی معطل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وکاس دوبے کے پاس 250 بیگھا اراضی چوبے پور، بلہور، شیوالی، بٹھور میں ہے۔وکاس دوبے کروڑوں کی زمین اور جائیداد کا مالک ہے۔اے ڈی جی جئے نارائن سنگھ نے اس کی تفتیش شروع کردی ہے۔