علی گڑھ: اتر پردیش کے علی گڑھ میں ایک مسجد کی دیوار پر مذہبی نعرے لکھے گئے تھے بعد ازاں اس دیوار کو توڑ دیا گیا۔ یہ واقعہ کیمرے میں قید ہوگیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ یہ واقعہ علی گڑھ کے دہلی گیٹ چوراہے پر پیش آیا جہاں سنیچر کو ایک مسجد کی دیواروں پر مذہبی نعرے لکھے گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد سماج وادی پارٹی کے ایک وفد نے پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) مریگانک شیکھر پاٹھک سے ملاقات کی اور اس معاملے کے بارے میں ایک رسمی شکایت کی۔ اور فرقہ وارانہ امن کو خراب کرنے کے ذمہ دار شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور مطالبہ کیا۔
سماج وادی پارٹی کے لیڈر منوج یادو نے الزام لگایا کہ بعض سماج دشمن عناصر نے اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر شہر کا ماحول خراب کیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کریں گے۔
مزید پڑھیں: اے ایم یو میں مذہبی نعرہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) مریگانک شیکھر پاٹھک نے کہا کہ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور باضابطہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ ویڈیو فوٹیج سے ملوث افراد کی شناخت کی گئی ہے۔ عہدیدار نے یقین دلایا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
( آئی اے این ایس )