تقریباً ایک ماہ قبل بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) نے 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' کالونی میں تجاوزات اور غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے نام پر'اوگھا شاہ بابا' کے مزار کو بھی مسمار کر دیا تھا۔ اس کے بعد شہر کی تمام مسلم تنظیموں نے بی ڈی اے کی اس کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اب بی ڈی اے نے اس مزار کو دوبارہ تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے لہذا مزار کی دوبارہ تعمیر کی جارہی ہے۔
بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں تمام غیر قانونی قبضہ اور تجاوزات کو ہٹانے کی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت تمام غیر قانونی قبضہ ہٹائے جا رہے ہیں۔ شہر میں تمام ایسی کالونیز ہیں، جن کے ڈیولپرس نے کالونی کا نقشہ پاس نہیں کرایا ہے اور بغیر کسی نقشہ کے مکان تعمیر کر کے فروخت کررہے ہیں۔ بی ڈی اے نے ایسی تمام کالونیز میں غیر قانونی تعمیر کو بھی مسمار کیا ہے۔ اب تک تقریباً تیس سے زائد مقامات پر کارروائی کی گئی ہے۔
اسی سلسلہ میں بی ڈی اے نے شہر سے دس کلومیٹر دور چند پور بِچپوری گاؤں میں 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' نامی ایک کالونی کے لیے زمین حصول کی تھی۔ اب اس کالونی میں مکان اور پلاٹ تیار کرکے فروخت کرنے کی اسکیم چلائی جا رہی ہے۔ اسی وجہ سے بی ڈی اے نے اس کالونی میں بھی تمام غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم چلائی تو قدیمی 'اوگھا شاہ بابا' کا مزار بھی مسمار کر دیا۔ اس مزار کو جب مسمار کیا گیا تو مقامی لوگوں نے ہنگامہ کیا۔ اور بی ڈی اے کی ٹیم پر پتھراؤ کیا۔ بی ڈی اے کی ٹیم نے وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی تھی۔
اس کے بعد درگاہ اعلیٰ حضرت سے وابستہ تنظیم جماعت رضائے مصطفیٰ، آل انڈیا اتحاد ملّت کونسل، آل انڈیا رضا ایکشن کمیٹی اور آل حسین ویلفیئر سوسائٹی کے تمام عہدے داران اور کارکنان نے موقع پر پہنچ کر بی ڈی اے کی اس کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ان تمام مذہبی جماعتوں نے بی ڈی اے اور ضلع انتظامیہ سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کو متنبہ کیا کہ یہ مزار ایک مہینے کے عرصہ میں دوبارہ تعمیر ہونا چاہیے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں بی ڈی اے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائےگا اور ہر حد تک لڑائی بھی لڑی جائے گی۔
غور طلب ہے کہ بی ڈی اے نے جب اس مزار کو مسمار کیا تھا، تب اِس مزار کی بنیاد میں سنہ 1929 کی اینٹ ملی تھی۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مزار قدیمی ہے۔ جبکہ بی ڈی اے نے چند پور بِچپوری گاؤں میں 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' کے تحت کالونی تیار کرنے کے لیے زمین سنہ 2004 میں حصول کی تھی۔ ان تمام دستاویز کی بنیاد پر مقامی باشندوں کو یہ دعویٰ مضبوط ہے کہ اوگھا شاہ بابا کا مزار قدیمی ہے اور بی ڈی اے نے زمین بعد میں حصول کی ہے۔ لہذا یہ مزار نہ تو غیر قانونی طریقے سے تعمیر کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ تجاوزات کی زد میں آتا ہے۔