ہندو مہا سبھا کے ریاستی صدر رنجیت سنگھ بچن کو گولی مارکر قتل کرنے والے شوٹر جیتیندر پولیس تصادم میں زخمی ہو گیا ہے۔ تصادم میں شوٹر جیتیندر کے پیر میں گولی لگی ہے۔ اس کے بعد زخمی شوٹرکو لوکبندھو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ یہاں پر شوٹر زیر علاج ہے۔
غورطلب ہے کہ حضرت گنج پولیس کو مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ شوٹر چار باغ سے ہوتے ہوئے بھاگنے والا ہے۔ اطلاع موصول ہونے کے بعد وائرلیس پر شوٹر کے بارے میں خبر پاس کی گئی۔ اس کے بعد حضرت گنج پولیس نے شوٹر کا پیچھا کیا۔ وائرلیس پر اطلاع ملتے ہی عالم باغ انسپیکٹر آنند کمار شاہی نے دیوی کھیڑا موڑ، سی او کینٹ آفس کے پاس کے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
سی او آفس کے پاس محاصرے کو دیکھ کر شوٹر نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ شوٹر کی فائرنگ میں پولیس کو چوٹ نہیں آئی ہے۔ وہیں پولیس کی جوابی کاروائی میں شوٹر جیتیندر کے پیر میں گولی لگ گئی۔
تصادم کے بعد ڈی سی پی سینٹرل دنیش سنگھ، اے ڈی سی پی چرنجیو سنہا، اے سی پی حضرت گنج ابھے کمار مشر، اے سی پی کرشنا نگر امت کمار رائے، اے سی پی عالم باغ لال پرتاپ سمیت تمام اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی لکھنؤ پولیس کمشنر سجیت پانڈے بھی موقع پر پہنچے ہیں۔