رامپور کے تھانہ سول لائن علاقے میں واقع دریائے کوسی میں آج ایک درد ناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو نوعمر لڑکوں کی ڈوبنے کے سبب موت ہوگئی۔ مہلوکین کے گھروں میں کہرام مچا ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 25 سالہ وشیش ولد گوکل سرن اور 20 سالہ راہل ولد جے پال سنگھ سمیت 5-6 لڑکے دریائے کوسی میں نہانے کے لئے گھر سے گئے تھے اور نہانے کے دوران وشیش اور راہل گڑھے میں آجانے کے سبب ڈوب گئے۔ وہاں موجود ان کے ساتھیوں نے چیخ پکار مچائی تو آس پاس کے لوگ دوڑ کر آگئے۔ اسی دوران مہلوکین کے ساتھ گئے لڑکوں نے فون کے ذریعہ گھر والوں کو اطلاع دی تو گھر کے لوگ بھی دریائے کوسی پہنچ گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ دونوں لڑکوں کو دریا سے نکال کر ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے ضلع اسپتال کے مردہ گھر میں رکھوا دیا ہے۔ اس پورے معاملے پر ایڈیشنل ایس پی ارون کمار سنگھ نے میڈیا کو تفصیلی جانکاری دی۔
ایڈیشنل ایس پی ارون کمار نے کہا کہ گنگا پور سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان دریائے کوسی میں نہانے گئے تھے، نہانے کے دوران ان میں سے ایک نوجوان ڈوبنے لگا، جب دوسرا نوجوان اسے بچانے گیا وہ بھی ڈوبنے لگا۔ان کے ساتھ نہانے آئے دو نوجوانوں نے جب شور مچایا تب اطراف موجود لوگوں نے ان کی مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں کو اسی وقت پانی سے نکال لیا گیا تھا، لیکن تب تک ان کی موت ہوچکی تھی۔