فوڈ ٹیسٹنگ فیسٹیول میں ایک ہی چھت کے نیچے مختلف اقسام کے حلوے تیار کرنے والے لوگوں نے اپنے لذیذ حلوؤں کے اسٹال لگائے۔
رامپور کو دیگر خصوصیات کے ساتھ روایتی اور مختلف اقسام کے ذائقوں کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ نوابین رامپور کی ریاست ہونے کی وجہ سے یہاں مزیدار کھانوں کا بھی کافی رواج رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رامپور کے لوگوں نے جہاں دیگر میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وہیں مختلف اقسام کے ذائقے تیار کرکے بھی دنیا میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔
رامپور کے لوگوں کی انہی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانے اور انہیں فروغ دینے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ کی جانب سے رامپور کے رنگولی منڈپ میں فوڈ ٹیسٹنگ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔
اس فوڈ ٹیسٹنگ فیسٹول میں صرف یہاں کے میٹھے ذائقوں کی نمائش کی گئی۔ جس میں کھانے کے شوقین اور لذیذ کھانا بنانے والے لوگوں نے شرکت کی۔
اس دوران الٹیمیٹ رامپوری اسٹائل کے نام سے آن لائن فوڈ شاپ چلانے والی نیر فاطمہ صاحبہ نے ای ٹی وی بھارت کو چنے کی دال کے حلوے کی تاریخ اور اسے تیار کرنے کے طریقہ کار پر کافی دلچسپ معلومات فراہم کیں۔
اس کے علاوہ دلبیر کور نے سیب کے حلوے کا ٹیسٹ کرایا۔ انہوں نے اپنے حلوے سے متعلق بتایا کہ 'ان کے تیار کردہ حلوے میں شوگر(شکر، چینی) کی مقدار کافی کم ہوتی ہے اس لیے اس کو ذیابیطس(شوگر، ڈائیبیٹیز) کے مریض بھی بغیر کسی خوف کے کھا سکتے ہیں۔
آخر میں جوے کی کھیر سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اس کو تیار کرنے والی خاتون عزرہ امین کہتی ہیں انہیں اس قسم کے پکوان تیار کرنے کا شوق ہے اور اس کو اپنا پیشہ بنانا چاہتی ہیں۔ اگر متعلقہ محکمہ کی جانب سے انہیں اس کا لائسنس حاصل ہوجائے تو وہ اسی شعبے میں اپنا کریئر بنانا چاہتی ہیں۔