ریاست اترپردیش کے شہر رامپور کے سیجنی نانکار گاؤں میں واقع راشن ڈپو ہولڈر کے ذریعہ کم راشن دینے پر ناراض مقامی خواتین ضلع انتظامیہ سے شکایت کرنے کلکٹریٹ پہنچیں۔ جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کے گاؤں میں ندا نامی خاتون راشن ڈپو ہولڈر ہیں لیکن وہ حکومت کی جانب سے غربا کے لیے آنے والا راشن ہر ماہ تمام کارڈ ہولڈرز کو کم دیتی ہیں۔
رامپور کے سیجنی نانکار گاؤں میں واقع ایک راشن ڈپو پر ڈپو ہولڈر کے ذریعہ راشن میں غبن کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلہ میں تقریباً 30 خواتین شکایت لے کر کلکٹریٹ پہنچیں جہاں انہوں نے سٹی مجسٹریٹ رام مشر کو تحریری شکایت دے کر راشن ڈپو ہولڈر ندا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
وہیں ایک خاتون نے اپنی شکایت میں کہا کہ کسی کو بھی یہ حق نہیں ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے عوام کے لیے پہنچنے والا راشن کم دے۔
اسی طرح کلکٹریٹ پہنچنے والی دیگر خواتین نے بھی راشن میں غبن کرنے والی ندا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔