کانگریس کی جانب سے کئے گئے احتجاج کے موقع پر سوشل ڈسٹینسنگ کو ملحوظ رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
رامپور کے گاندھی سمادھی پر ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیدار اور کارکنان جمع ہوئے اور ملک میں مسلسل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
سوشل ڈسٹینسنگ کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام ہی مظاہرین ماسک لگائے ہوئے تھے جبکہ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر 'پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں واپس لو، مرکزی سرکار ہائے ہائے اور عام آدمی کو لوٹنا بند کرو، جیسے نعرے آویزاں تھے۔
اس موقع پر کانگریس کے شہر صدر مامون شاہ خاں نے کہا کہ 'ہمارا یہ احتجاج مرکزی حکومت کے خلاف ہے جو غریبوں کا بالکل بھی خیال نہیں رکھ رہی ہے جبکہ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھی ہوئی قیمتوں کو واپس لے۔
وہیں اس موقع پر کانگریس کے ضلع صدر دھرمیندر گپتا نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'بین الاقوامی بازاروں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'کورونا وائرس جیسی وبا کے سخت حالات میں تمام ممالک کی حکومتیں اپنے باشندگان ملک کے لیے سہولیات فراہم کرکے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کر رہے ہیں لیکن موجودہ برسراقتدار حکومت قیمتیں کم کرنے کی بجائے مزید بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'سمجھ نہیں آتا کہ ایسے نازک وقت میں حکومت کیوں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں پر مزید بوجھ کیوں دال رہی ہے۔