آن لائن پروگرام کے موقع پر فلسطین میں مسلمانوں پر جاری اسرائیل کے ظلم و تشدد کے خلاف اٹھائی آواز اٹھائی گئی اور حکومت ہند سے فلسطین کی حمایت کا مطالبہ کیا گیا۔
ہر برس جمعتہ الوداع کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمان فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور اسرائیل کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے ظاہر کرنے کے مقصد سے یوم القدس کا اہتمام کرتے ہیں۔
اس دن ملک کے الگ الگ خطوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کرکے فلسطینیوں تک اپنی ہمدردی کا پیغام پہنچایا جاتا ہے۔
رامپور میں بھی یوم القدس کا اہتمام پورے ملی جوش و جذبہ کے ساتھ کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن میں رامپور میں یوم القدس کے احتجاجی جلوس کا تو اہتمام نہیں کیا گیا لیکن آن لائن ویڈیو پیغام کے ذریعہ فسطین سے یکجہتی اور وہاں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
اس موقع پر رامپور کے معروف شیعہ عالم دین مولانا سید محمد زماں باقری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'تمام مسلمانوں کو متحد ہوکر اسرائیل کی بربریت کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 'اسرائیل نے ناحق فلسطینی قوم پر اپنا تسلط جما رکھا ہے، ساتھ ہی انہوں نے حکومت ہند سے بھی اس بات کا مطالبہ کیا کہ وہ ہمارے ملک کی جانب سے اسرائیلی حکومت سے اپنے تمام تر سفارتی تعلقات کو ختم کرے اور فلسطین کی آزادی کی حمایت والے اپنے پرانے موقف پر واپس آئے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سید زماں باقری نے یہ بھی کہا کہ 'ہم صرف اسرائیل ہی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ جو لوگ ظالم کی حمایت کر رہے ہیں ان سب کے بھی خلاف ہیں اور اسی کے ساتھ ہی ہم ان کے بھی خلاف اپنا احتجاج بلند کر رہے ہیں جو دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور مظلوم کی مدد نہیں کر رہے ہیں۔