رامپور کی تحصیل بلاسپور کی ڈبڈبا کالونی کے ایک مکان میں شوہر، بیوی اور ان کے تین ماہ کے بچے کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
ہلاک شدگان کے کنبے کے افراد کے مطابق صراف کاروباری نے ذہنی تناؤ اور کاروبار کے دباؤ کی وجہ سے اپنی بیوی اور شیر خوار بچے کا قتل کرکے خودکشی کرلی ہے۔
پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا ہے جبکہ جائے واردات سے پولیس کو ایک پستول بھی برآمد ہوئی ہے۔
اس بابت پولیس کپتان سنتوش کمار مشرا نے بتایا کہ 'صرافہ کاروباری پردیپ رستوگی اپنی اہلیہ، تین ماہ کے بیٹے اور اپنے بھائی کے ساتھ ڈبڈبا کالونی میں رہائش پذیر تھا۔
واقعہ سے تھوڑی دیر قبل اس کا بھائی دکان چلا گیا تھا، پردیپ نے گاؤں میں رہنے والے اپنے چھوٹے بھائی کو فون کیا کہ میں اپنی ساری دنیا ختم کر رہا ہوں، اتنا کہہ کر اس نے فون کاٹ دیا۔
پردیپ کے فون سے پریشان دونوں بھائیوں نے آپس میں بات کی، دوکان سے چھوٹا بھائی گھر پہنچا اور وہاں اسے پردیپ، اس کی بیوی پریتی اور بیٹا سچن تینوں کی لاش ملی جبکہ قریب ہی ایک پستول بھی پڑی ہوئی ملی۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے واردات پر پہنچی اور اس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا ہے اور مزید تحقیقات کر رہی ہے۔