لکھنؤ: تین زرعی قوانین کے خلاف ایک سال سے زیادہ وقت تک چلی کسان تحریک کی قیادت کرنے والے بھارتیہ کسان یونین(بی کے و) میں اتوار کو پھوٹ پڑ گئی اور وہ دوگروپوں میں تقسیم ہوگئی۔ تنظیم کے لیڈر راجیش سنگھ چوہان نے یہاں پریس کانفرنس میں بی کے یو کے ترجمان راکیش ٹکیٹ اور ان کے بھائی و بی کے یو پی کے صدر نریش ٹکیٹ پر سیاست سے متاثرہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے بی کے یو سے اپنی راہ کو جدا کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کا نام بھارتیہ کسان یونین (غیر سیاسی) ہے۔
بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے اس صورت حال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کی کسی کے بڑے دباؤ میں آکر یہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے خود کو تنظیم سے نکالے جانے کی بات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ کسان یونین اپنی جگہ قائم ہے اور جو لوگ گئے ہیں وہ کوئی اور نام سے یا اسی نام میں کسی لفظ کا اضافہ کر کے اپنی نئی تنظیم بنائیں گے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ساتھیوں کے جانے کا بہت غم ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کر کے اس پورے معاملے پر اپنا رد عمل ظاہر کیا۔
وہیں چوہان نے کسان لیڈر مہندر سنگھ ٹکیت کی جینتی کے موقع پر یہاں گنا انسٹی ٹویٹ آڈیٹوریم میں تنظیم کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کئے گئے ان فیصلوں کی جانکاری دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راکیش ٹکیٹ اور نریش ٹکیت سیاست سے متاثر تھے جو یونین کے نظریات کے خلاف ہے۔ کسان اپنی لڑائی لڑنے کے متحمل ہیں اور اسے کسی سیاسی پارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔
چوہان نے کہا' ہم کسی سیاسی پارٹی سے نہیں جڑیں گے اور نہ ہی اصولوں سے سمجھوتہ کریں گے۔ میں نے دو بھائیوں سے سیاسی پارٹیوں سے جڑنے کی مخالفت کی تھی۔ ہم نے کہا تھا کہ ہم غیر سیاسی لوگ ہیں اور ہمارا کام کسانوں کے مسائل کے لئے لڑنا ہے۔انہوں نے کہا' ہم بھی کسان تحریک میں برابر کے حصہ دار رہے۔ میں نے راکیش اور نریش ٹکیت کے ساتھ ہمیشہ لڑائی لڑی ہے۔ اب بھی حکومت نہیں سنے گی تو ہم نئے سرے سے تنظیم کو تیار کر کے کسانوں کی لڑائی لڑیں گے۔
مزید پڑھیں:
- Rakesh Tikait on Jahangirpuri Voilence: ملک میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، راکیش ٹکیت
- Rakesh Tikait on Modi Government: 'ترقی کے بجائے مرکزی حکومت مذہبی سیاست کررہی ہے'
انہوں نے کہا کہ بی کے یو(غیر سیاسی) کی مجلس عاملہ کے چیئر مین اور نگران راجیش سنگھ ملک کو بنایا گیا ہے جب کہ وہ خود اس کے صدر ہونگے۔ اس کے علاوہ مانگیرام تیاگی نائب صدر، انل تالان قومی سکریٹری اور دھرمیندر ملک ترجمان ہونگے۔ چوہان نے کہا کہ تنظیم کی یوپی اکائی کی بھی تشکیل کر کے ہرینام سنگھ ورما کو ریاستی صدر بنایا گیا ہے۔
یواین آئی