ریاست اتر پردیش میں کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے حکومت پر یہ الزام لگایا کہ ریاست میں خواتین پر ہو رہے ظلم کے واقعات پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کی کابینہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
پرینکا گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا 'اتر پردیش کے حالات دیکھئے سینکڑوں خوفناک واقعات رونما ہونے کے بعد بھی خواتین کے تحفظ کے معاملے پر حکومت کی طرف سے کوئی ہلچل نہیں نظر آتی ہے'۔
انہوں نے ریاستی حکومت پر خواتین کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا 'ان واقعات کے سلسلے میں حکومت کچھ نہیں کر رہی ہے ۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی اور وزراء کو شرم آنی چاہیے، وہ کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟
انھوں نے مزید لکھا 'آپ اپنی خواتین شہریوں کو انصاف کا بھروسہ ہی نہیں دے پا رہے ہیں'۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے 'وارانسی میں بیان بدلنے کا الزام لگاتے ہوئے اجتماعی عصمت دری کی متاثرہ اور اس کے والدین نے زہر کھایا ہے'۔