ریاست اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار لالو اور قانون ساز پارٹی کی رہنما اردھنا مشرا مونا کی سربراہی میں ایک وفد وزیر اعلی کے دفتر پہنچا اور جنرل سیکریٹری کا خط وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کے حوالے کیا۔ وفد میں نسیم الدین صدیقی، آر کے چودھری اور شیام کشور شکلا بھی شامل تھے۔
خط میں اترپردیش کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ اترپردیش کے لاکھوں مزدور ملک کے کونے کونے سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے مسلسل اعلانات کے باوجود پیدل چلنے والے ان مزدوروں کو محفوظ طور پر ان کے گھروں تک پہنچنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس خط میں لکھا ہے کہ صوبے میں اب تک تقریبا 65 مزدوروں کی الگ الگ سڑک حادثات میں موت ہوچکی ہے جو صوبے میں کورونا کی وباء سے ہلاکتوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔
پرینکا نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھیجے گئے اس خط میں لکھا ہے کہ نقل مکانی کر رہے، بے گھر تارکین وطن مزدوروں کے لیے کانگریس پارٹی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے 500 بسیں غازی پور بارڈر غازی آباد اور 500 بسیں نوئیڈا بارڈر سے چلانا چاہتی ہے۔ اس کا پورا خرچ کانگریس برداشت کرے گی۔
پرینکا نے لکھا ہے کہ ملک بنانے والے مزدوروں کو ایسے نہیں چھوڑا جاسکتا۔ کانگریس پارٹی ان کی مدد کے لیے تیار ہے۔