پریاگ راج: اترپریش کے ضلع پریاگ راج میں 24 فروری کو امیش پال قتل کے بعد سے یوگی حکومت سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی ہے۔ جمعہ کو مسلسل تیسرے دن عتیق احمد کے دو قریبیوں کے گھر بلڈوزر کارروائی کی گئی، پہلے پریاگ راج میں عتیق احمد کے قریبی معشوق الدین کے مکان پر بلڈوزر چلایا گیا اس کے بعد عتیق احمد کے شوٹر کا گھر منہدم کردیا گیا۔ کوشامبی ضلع انتظامیہ نے شوٹر عبدالقوی کے مکان پر بلڈوزر چلاکر منہدم کردیا ہے، اس مکان گرائے گئے مکان کی قیمت 50 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔ عبدالقوی کا تعلق سرائیکل کوتوالی علاقہ کے بھاخندہ اپڑہار سے ہے۔ عبدالقوی 25 جنوری 2005 کو راجو پال قتل کیس کے بعد سے مفرور ہے۔ عبدالقوی کے گھر پر ایک نوٹس چسپاں کرکے پولیس پہلے ہی اسے مفرور قرار دے چکی ہے۔
- یہ بھی پڑھیں: Umesh Pal Murder Case امیش پال قتل معاملے میں عتیق احمد کے اور ساتھی کے گھر پر بھی بلڈوزر کی کارروائی کا امکان
وہیں جمعہ کو پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے پریاگ راج کے اسراولی علاقے میں معشوق الدین پردھان کے گھر کو منہدم کردیا۔پی ڈی اے کی ٹیم 3 جے سی بی اور پوک لینڈ مشینوں کے ساتھ بنگلے کو گرانے کے لیے پہنچی۔ دو منزلہ عالی شان مکان کی قیمت کئی کروڑ بتائی جارہی ہے۔ 250 مربع گز میں بنائے گئے اس گھر کو اس لیے گرایا جا رہا ہے کیونکہ یہ قواعد کے خلاف بنایا گیا تھا۔ معشوق الدین اسراؤلی گاؤں کے پردھان رہے ہیں اور اس وقت ان کی بیوی گاؤں کی پردھان ہیں۔ معشوق عتیق احمد کا قریبی بتایا جاتا ہے اور امیش پال قتل کیس سے ان کا تعلق ہونے کا امکان ہے۔ اسی وجہ سے پی ڈی اے نے اس عالی شان مکان کو مسمار کرنے کی کارروائی کی۔ معشوق الدین کے عالی شان مکان کی تخمینہ لاگت تقریباً تین کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ اس زمین پر مکان بنانے کے لیے نقشہ کے لیے درخواست دی گئی تھی۔ لیکن اس کے مسترد ہونے کے بعد بھی مکان کی تعمیر کا کام کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جہاں ان کا مکان تعمیر کیا گیا وہاں ایئر فورس کا ٹرانسمیٹر ایریا شروع ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے فضائیہ نے بھی مکان کی تعمیر پر اعتراض کیا تھا۔