ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 30 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، اس کے علاوہ شہر اور دیہی علاقوں میں غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والوں کو پولس نے گرفتار کر لیا، جبکہ تقریباً 3152 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔
بریلی پولیس کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر تمام تھانوں کی پولس نے غیر ضروری طور سڑکوں پر گھومنے اور تفریح کی غرض سے نکلنے والے شہریوں کے خلاف سختی سے مہم چلائی۔
شام تک 203 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 30 مقدمات درج کیے گئے تھے جبکہ سیںکڑوں سواریوں کے چالان کاٹے گئے۔
بریلی میں صبح 11 بجے تک سبزی منڈی کھولنے کا حکم تھا اس لیے پولیس نے صبح کے وقت زیادہ سختی کا مظاہرہ نہیں کیا کیونکہ زیادہ تر لوگ ضروری سامان خریدنے کےلیے گھر سے نکلے تھے، دوپہر بارہ بجے کے بعد یہی صورتحال رہی تو پولس نے سختی بڑھا دی۔
اس دوران کمشنر، ڈی آئی جی، ڈی ایم اور ایس ایس پی سڑکوں پر گھومتے اور شہریوں کی آمد و رفت کا ماحول دیکھتے رہے، کئی مقامات پر رُکنے کے بعد افسران نے غیر ضروری طور پر گھومنے والوں کو روکا اور پولیس کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔