میرٹھ: ریاست اترپردیش کے سہارنپور میں منعقدہ اسمراٹ مہر بھوج گورو یاترا میں شامل ہونے کے لیے جا رہے سردھنہ سے سماج وادی پارٹی کے اسمبلی رکن اتل پردھان کو آج باغپت پولیس نے راستے میں ہی روک لیا۔ اس دوران اتل پردھان کی پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی و دھکا مکی بھی دیکھنے کو ملی۔ اس کے بعد اتل پردھان کو گرفتار کرکے میرٹھ پولیس لائن لایا گیا۔ رکن اسمبلی اتل پردھان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سرکار کی اب الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور 2024 میں ملک کی عوام ان کو سبق سکھانے جا رہی ہے۔ عوام نے پوری تیاری یعنی پختہ ارادہ کر لیا ہے۔
اتل پردھان نے کہا کہ جس طرح کل ان کو دہلی جانے سے روکا گیا اور سہارنپور نہیں جانے دیا گیا اس سے لگتا ہے کہ بی جے پی سماج وادی پارٹی کے لوگوں سے گھبرا رہی ہے۔ خوفزدہ ہے۔ اس لیے وہ ان کے ساتھ ظلم زیادتی کر رہی ہے لیکن یہ سب اب چلنے والا نہیں ہے کیونکہ عوام نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو سبق سکھانے کے لیے پوری تیاری کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Nehru Death Anniversary پنڈت جواہر لال نہرو جدید ہندوستان کے خالق تھے، رام کمار تنور
انہوں نے کہا کہ پولیس نے جس طرح سے ان کے ساتھ برتاؤ کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ سماج وادی پارٹی کے لوگوں سے گھبرا کر ایسا قدم اٹھا رہی ہے۔ وہ ان کے اس برتاؤ کو اسمبلی میں بھی رکھیں گے۔ 2024 میں عوام ان کو ان کی حرکت بازیوں کا جواب دینے جا رہی ہے. پولیس ڈکٹیٹر جیسا سلوک کر رہی ہے جب کہ وہ عوامی ملازم ہے۔ ایم ایل اے ہونے کے ناطے ان کے ساتھ مہذب سلوک ہونا چاہیے تھا۔