بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کی والدہ سنندا شیٹی کی مشکلات دن بدن بڑھتی ہی جارہی ہے۔ لکھنؤ میں واقع اویسس ویلنس سنٹر گھوٹالے کی ملزم شلپا شیٹی اور ان کی والدہ سنندا شیٹی کو چنہٹ پولیس نے نوٹس دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جب چنہٹ پولیس شلپا شیٹی کے ممبئی گھر پر نوٹس دینے گئی تو وہ اس وقت گھر پر نہیں تھیں، پولیس نے شلپا کے منیجر کو نوٹس دیا۔ شلپا کو پولیس کی جانب سے دیے گئے نوٹس کا 3 دن کے اندر جواب دینا ہے۔
اس تعلق سے اے ڈی سی پی ایسٹ سید قاسم عابدی نے بتایا کہ 19 جون 2020 کو ویبھوتی کھنڈ میں واقع اومکسی ہائٹ کی رہائشی جیوتسنا نے اویسس کمپنی کی ڈائریکٹر شلپا شیٹی کندرا اور ان کی والدہ سنندا شیٹی کے خلاف 1 کروڑ 69 لاکھ روپے گھپلہ کرنے کا کیس دائر کیا تھا۔ کمپنی سے وابستہ ونے بھسین، آشا، پونم جھا اور انامیکا چترویدی کو بھی اس کیس میں ملزم بنایا گیا ہے۔ چنہٹ پولیس ویبھوتی کھنڈ کوتوالی میں درج کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔
اے ڈی سی پی نے بتایا کہ چنہٹ تھانے میں تعینات بی بی ڈی چوکی کے انچارج اجے کمار شکلا کو شلپا شیٹی کو نوٹس دینے کے لیے ممبئی بھیجا گیا تھا۔ فلم اداکارہ نہ ملنے پر ان کے منیجر کو نوٹس دیا گیا ہے۔ جواب 3 دن کے اندر دیا جانا ہے۔ انسپکٹر نے کرن بابا کو بھی تفتیش کا نوٹس دیا ہے، انہیں بھی اس کیس میں ملزم بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:اداکارہ شلپا شیٹی نے 29 میڈیا اہلکاروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا
گھوٹالے کا مقدمہ دائر کرنے والی جیوتسنا نے دعویٰ کیا کہ فرنچائزی کے لیے کروڑوں روپے لینے کے بعد ، انہیں غیر معیاری مصنوعات انتہائی قیمتوں پر فروخت کی گئیں۔ جیوتسنا نے بتایا کہ شلپا اور اس کی والدہ کی کمپنی نے لکھنؤ میں ایک فلاح و بہبود کا مرکز کھولنے کے لیے ان سے 1 کروڑ 69 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ سرمایہ کاری سے پہلے، اسے شلپا شیٹی کی ویڈیو دکھاکر بتایا گیا کہ وہ فلاحی مرکز سے ماہانہ 5 لاکھ روپے کماسکیں گی۔ اس کے بعد شلپا کے قریبی دوستوں نے سینٹر پر قبضہ کرلیا۔
پولیس نے فلم اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کی والدہ سنندا شیٹی سے ان اہم نکات پرجواب طلب کیا ہے۔
- پہلا سوال- آپ کتنے عرصے سے اویسس ویلنس سنٹر سے وابستہ ہیں؟
- دوسرا سوال- دھوکہ دہی کے الزامات پر آپ کا کیا موقف ہے؟
- تیسرا سوال - آپ نے اپنے آپ کو ویلنس سنٹر کے ڈائریکٹر کے عہدے سے الگ کیوں کیا؟
- چوتھا سوال - فرنچائزی کو دوسرے درجے کا سامان دیئے جانے کی جانکاری تھی یا نہیں؟