کوویڈ وبا کے پیش نظر اتراکھنڈ۔اترپردیش سرحد پر لوگوں کی سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔ اتراکھنڈ سے اترپردیش آنے والے افراد کے پاس کورونا کی منفی رپورٹ نہ ہونے کی صورت میں ایسے لوگوں کا ٹسٹ کیا جارہا ہے اور رپورٹ منفی آنے کے بعد ہی ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔
ادھم سنگھ نگر سے متصل اترپردیش کی سرحد پر پولیس کی سخت نگرانی کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاست میں داخلہ سے قبل ان کی سواری کو روک دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے اضافی رقم خرچ کرکے دوسری سواری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
نزدیک کے علاقوں سے آنے والے افراد کو بسوں کی تبدیلی یا آٹو رکشہ حاصل کرنے کےلیے پیدل سفر بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کچھ مسافرین نے پولیس کارروائی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ مسافرین نے بتایا کہ پولیس چیکنگ کی وجہ سے مریضوں کو بھی پیدل چلنا پڑ رہا ہے۔ عام لوگوں نے حکومت سے فوری طور پر بس سرویس کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
اتراکھنڈ: طبی عملہ کی لاپرواہی، خاتون نے سڑک پر بچی کو جنم دیا
وہیں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس پرمود کمار نے بتایا کہ کورونا کی امکانی تیسری لہر کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں۔ دوسری ریاستوں سے آنے والے افراد کی سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔ کورونا کی منفی رپورٹ کے حامل افراد کو ریاست میں داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے اور جن کے پاس رپورٹ نہیں ہے ایسے افراد کا ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کاروائی کا مقصد مسافرین کو پریشان کرنا نہیں ہے بلکہ ان کی حفاظت کےلیے ایسا کیا جارہا ہے۔