ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کے معروف شاعر ڈاکٹر تنویر گوہر نے ای ٹی وی بھارت اردو کے ساتھ خاص بات چیت میں اپنے چند اشعار پیش کیے جو موجودہ حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ Poetic Expression of the Condition of Muslims
قوم پر خنجر ستم اٹھا
دل میں شاعر کے درد غم اٹھا
ذہنِ حساس ہوگیا ہے چین
کانپتے ہاتھ میں قلم اٹھا
اٹھ مسلماں کہ اب ضرورت ہے
اٹھ اگر قوم سے محبت ہے
کیا ہوا تجھ کو عالم مسلم
قوم کو کیوں نہیں غم مسلم
کتنے معصوم روز مرتے ہیں
گھُٹ نا جائے کہیں دمِ مسلم
تو ہے غفلت میں اب بھی حیرت ہے
اٹھ اگر قوم سے محبت ہے
اہل ایماں ہے ہر فلسطینی
پھر پریشاں ہے ہر فلسطینی
بے رخی تیری دیکھ کر بھائی
دیکھ حیراں ہے ہر فلسطینی
ایسے گر وقت کو گنوائے گا
ہاتھوں ظالم کے مارا جائے گا
ہے فلسطین پر جو یورش آج
کفر کل تجھ کو بھی ستائے گا
نیند سے جاگ یہ حقیقت ہے
اٹھ اگر قوم سے محبت ہے
ظلم کی ہوچکی ہے حد اب تو
کامیابی کی دے سند اب تو
اب تو بچوں پہ بھی ہے بمباری
یا خدا بھیج دے مدد اب تو
داؤ پر مسلموں کی عزت ہے
اٹھ اگر قوم سے محبت ہے
عام لوگوں کو حکمرانوں کو
قوم کے سارے پاسبانوں کو
ہر مفکر کو اپنی ملت کے
عہد حاضر کے نوجوانوں کو
آج گوہر کی یہ نصیحت ہے
اٹھ اگر قوم سے محبت ہے