ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے شہر مرادآباد میں مقامی افرا دکی جانب سے طبی عملے پر ہوئے حملے پر اپنی تشویش کا اظہا کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ، سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے علامات ملنے پر لوگوں کی جانچ کے لیے آگے آنا چا ہے اور ڈاکٹرز کا تعاون و احترام کرنا چاہیے۔
مسٹر یادو نے جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ 'کورونا کے بحران میں جس کے اندر بھی وائرس سے متاثر ہونے کے علامات دکھیں انہیں خود کی جانچ کے لیے آگے آنا چا ہے اور ان ڈاکٹرز کا تعاون و احترام کرنا چا ہیے، جو اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر آپ کی جان بچا رہے ہیں۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت کی پالیسیز سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ یوگی حکومت کو اس معاملے میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی لوگوں کو خائف کرکے نہیں بلکہ یقین میں لے کر سبھی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ ضلع مرادآباد میں کورونا متاثر مریض کو کوارنٹین کے لیے ہسپتال لے جاتے وقت کچھ لوگوں نے ایمبولنس پر پتھراؤ کردیا جس سے طبی ملازمین کو چوٹیں آئی ہیں، جس کے بعد اکھلیش یادو نےیہ ٹوئٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے بتایا کہ ناگ پھنی علاقے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت کے ملازمین کورونا وائرس مشتبہ شخص کو قرنطینہ کے لیے لے جارہے تھے، اسی وقت راستے میں کچھ مقامی افراد نے ایمبولنس پر پتھراؤ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ ضلع مرادآباد میں میڈیکل ٹیم پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے خاطی افراد کے خلاف این ایس اے کے تحت کاروائی کرنے اور پبلک پراپرٹی کے نقصان کی تلافی کا حکم دیا تھا، جس کے پیش نظر یادو کہا کہ 'یوگی حکومت کو اس معاملے میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے'۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس اہلکار، طبی عملہ اور صفائی مہم سے وابستہ افراد پر حملہ ناقابل معافی ہے جس کی سخت مذمت کی تھی۔