ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں بجلی کٹوتی کا مسئلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی ایام سے بجلی مسلسل غائب رہنے کی وجہ سے رامپور کے چوکی کنڈہ علاقے کی خواتین نے نواب گیٹ علاقہ میں واقع بجلی گھر کا گھیراؤ کرکے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرہ میں اسکولی طالبات نے بھی شرکت کی اور بجلی کٹوتی پر افسران کے ساتھ ساتھ ریاست کی یوگی حکومت حکومت پر بھی سخت تنقید کی۔ People are Worried About Lack of Power Supply in Rampur
رامپور میں گزشتہ کئی روز سے محکمۂ بجلی کی جانب سے چیکنگ مہم جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ گزشتہ روز بجلی محکمہ نے پی اے سی پولیس فورس کے ساتھ چوکی کنڈہ علاقے میں چیکنگ مہم چلائی تھی۔ اس دوران چند ایسے مکانوں کی بھی تصدیق کی گئی جہاں غیر قانونی طریقہ سے بجلی کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس کے بعد جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی وہیں اس پورے علاقے کی بجلی کے کھمبے سے بجلی کا کنکشن کاٹ دیا گیا،
اس معاملہ کو لے کر مقامی لوگوں میں کافی مایوسی ہے۔ کل سے اب تک بجلی بحال نہیں کی جانے پر آج چوکی کنڈہ کے لوگوں نے، جس میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں، نواب گیٹ واقع بجلی گھر کا گھیراؤ کیا۔ اس دوران خواتین نے متعلقہ افسران کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ خواتین کا کہنا ہے کہ چند مکانوں کی وجہ سے پورے علاقے کے باشندوں کو کیوں پریشان کیا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ جو لوگ چوری کی بجلی استعمال کر رہے ہیں، ان پر آپ کارروائی کریں، تمام لوگوں کو اس کی سزا دینا کہاں کا انصاف ہے؟ وہیں انہوں نے بجلی چیکنگ کے نام پر بغیر اجازت گھروں میں داخل ہونے پر بھی اعتراض کیا، احتجاجی مظاہرہ میں اسکولی طالبات نے بھی شرکت کی اور بجلی کاٹے جانے پر اپنے غصہ کا اظہار کیا۔
احتجاج کے مقام پر بجلی محکمہ کے متعلقہ افسر نہیں پہنچے۔ وہاں موجود تھانہ کوتوالی کے انسپکٹر نے مظاہرین کے مطالبات سننے کے بعد ایکس ای این سے بذریعہ موبائل فون بات کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی کاٹی گئی لائن کو جوڑ دیا جائے گا اور بجلی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔ اس طرح احتجاجی مظاہرہ ختم ہو سکا۔