لوگ اسپتال جاتے ہیں تاکہ ان کا علاج ڈاکٹروں کی نگرانی میں بہتر طریقے سے ہو سکے لیکن ایک ماں اس تکلیف کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی جو نوئیڈا سیکٹر 30 کے ضلعی اسپتال میں ڈاکٹروں کی بڑی لاپروائی کی وجہ سے اسے بھگتنا پڑی۔
ضلعی اسپتال کے ڈاکٹروں نے حاملہ خاتون کی ڈلیوری کرانے کے بجائے اسے گریٹر نوئیڈا کے جمس اسپتال ریفر کر دیا اور وہاں جانے کے لئے اسپتال نے ایمبولینس کا بھی انتظام نہیں کیا۔ درد سے تڑپ رہی اس خاتون نے اسپتال کی دہلیز پر ہی لڑکی کو جنم دیا ، لیکن مناسب علاج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بچی کی موت ہو گئی۔ اب ذمہ داران معاملے کی تحقیقات کی بات کر رہے ہیں۔
خاتون کا شوہر شیلندر نے اسپتال کے ڈاکٹروں پر اس ضمن میں غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال کے باہر نوزائیدہ بچی کو جنم دینے کے بعد بھی ڈاکٹروں نے اس کی بیوی کو اسپتال میں داخل نہیں کیا ہے اور نہ ہی بچی کو کوئی علاج فراہم کیا ہے۔
اس معاملے میں ضلعی اسپتال کی سی ایم ایس وندنا شرما کا کہنا ہے کہ اسپتال کے باہر ایک عورت نے ایک بچی کو جنم دیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی انکوائریوں کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تحقیقات میں غفلت پانے پر کارروائی کی جائے گی۔لیکن کیا بچی واپس مل جائے گی۔