اتر پردیش کے نوئیڈا میں واقع ضلع اسپتال بغیر فائر سیفٹی این او سی( فائر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے چل رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ ہزاروں لوگوں کی جانوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔اس بات کا انکشاف نوئیڈا کے ایف ایس او سنجیو کمار سنگھ نے کیا ہے۔ Noida Hospital Operating Without Fire NOC
دراصل ایک دن قبل نوئیڈا کے سیکٹر 30 میں ضلع اسپتال میں واقع ڈسٹرکٹ ارلی انٹروینشن سینٹر (DEIC) کیمپس کے تہہ خانے میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگ گئی۔ شعلوں سے اٹھتا دھواں دیکھ کر چھٹی منزل تک جا پہنچا۔ یہ دیکھ کر ہسپتال کے سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی فائر فائٹرز نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیکن یہاں سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ضلع اسپتال نے فائر محکمہ سے این او سی ہی نہیں لی ہے ۔جس کے لیے فائر ڈیپارٹمنٹ نے ضلع اسپتال انتظامیہ کو پانچ جنوری کو نوٹس بھی جاری کیا تھا اس کے بعد بھی ضلعی انتظامیہ سوتی رہی ہے جبکہ بیس منٹ میں آگ لگنے سے کوئی بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔
نوئیڈا کے ایف ایس او سنجیو کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ ضلع اسپتال انتظامیہ کو متعدد بار یاد دہانی کرائی گئی ، نوٹس بھی جاری کی گئی لیکن ہر نوٹس کو انہوں نے نظر انداز کیا۔ بیسمنٹ میں بے ترتیبی کے ساتھ سامان اور کوڑے کرکٹ پھیلے ہوئے ہیں کوئی بہتر نظام بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ آگ لگی۔ ایف ایس او کا یہ بھی کہنا ہے کہ برقی آلات سسٹم بھی مناسب نہیں ہیں اس کے لئے بھی ہدایت دی گئی ہے اور ساتھ ان کے پاس این او سی بھی نہیں ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے ڈھل مل رویہ سے سیکڑوں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ علاج کے لئے یہاں آتے ہیں۔
آگ کا دھواں اسپتال کے احاطے میں پھیلنے لگا تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انتظامیہ کو اطلاع دی۔ احاطے میں موجود مریضوں کو باہر نکالا گیا۔ اسپتال میں فائر ٹینڈرز کی عدم دستیابی کے باعث آگ بجھانے والے آلات سے آگ بجھانے کا کام شروع کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم 10 منٹ کے بعد موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے مشکل سے آگ پر قابو لیا۔ ایک بڑا حادثہ تو ٹل گیا وہیں مریضوں کے ضروری کاغذات اور طبی سامان بھی بچ گئے۔ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔ سی ایم ایس ڈاکٹر سشما چندرا نے آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ فائر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ مخصوص ریاست یا میونسپلٹی کے فائر ڈیپارٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ جاری کیا جاتا ہے۔ یہ لائسنس اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ رہائشی یا تجارتی پراپرٹی آتشزدگی کے حادثات سے بچنے کے قابل ہے اور آتشزدگی حادثہ کے نمودار ہونے سے املاک اور جانی نقصان نہیں پہنچے گا۔