بی جے پی کی ناکامیوں سے گوتم بدھ نگر نوئیڈا کانگریس میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔ ضلع کی یوتھ کانگریس اور نوئیڈا مہا نگر کانگریس پارٹی کارکنوں نے حال ہی میں کانگریس کے قومی سکریٹری دیپک بھاٹی چوٹی والا، ضلع صدر پرشوتم ناگر اور مہانگر صدر شہاب الدین کی سربراہی میں مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کی۔
انہوں نے ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا، ساتھ ہی نوئیڈا میں نجی اسکولوں کی طرف سے فیسوں میں اضافے کے معاملے پر بھی ریاستی حکومت پر حملہ آور ہوئے۔ ہاتھوں میں پوسٹر بینر لئے سیکڑوں کارکنوں نے سیکٹر 18 سے نوئیڈا میں سٹی مجسٹریٹ کے دفتر تک مارچ کیا اور احتجاج درج کرایا اور گورنر سے منسوب سٹی مجسٹریٹ کو میمورنڈم بھی سونپا۔
سکیورٹی انتظامات کے پیشِ نظر پولیس کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔ مظاہرہ صبح شروع ہوا اور مقررہ وقت پر گوتم بودھ نگر یوتھ کانگریس کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ضلع صدر پرشوتم نگر کی قیادت میں سیکٹر 18 میں جمع ہوئے۔ کارکنوں نے پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
مزید پڑھیں: مراد آباد:مہنگائی کے خلاف پیس پارٹی کا احتجاج
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے گوتم بودھ نگر صدر پرشوتم ناگر نے کہا کہ مرکز کی مودی اور بی جے پی کی ریاستی سرکاروں نے عام آدمی کا جینا محال کردیا ہے۔ سٹی صدر شہاب الدین نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پرائیویٹ اسکولوں کی فیس معاف ہونی چاہیے۔
اس موقع پر دیپک بھاٹی، للت اوانا، گوتم اوانا، ونود پانڈے، لیاقت چودھری، دانش سیفی، پون شرما وغیرہ موجود تھے۔