اب قومی امیونائزیشن پروگرام میں نمونیا ٹیکہ 'نیمو کوکل' کو شامل کرلیا جائے گا، رواں برس مارچ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو نمونیا جیسی بیماری سے تحفظ کے لیے سرکاری اسپتالوں میں بلا معاوضہ خدمات دستیاب ہوں گی۔
نیمو کوکل ٹیکہ اسپتالوں میں دستیاب کرانے کا کام تین ماہ کے اندر سرکاری سطح پر شروع کردیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف میڈیکل آفیسر اور امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر نیپال سنگھ نے کہا کہ قومی حفاظتی ٹیکہ سازی مہم کے تحت ملک بھر میں 12 بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ٹیکے دیے جاتے ہیں۔
ریاست اتر پردیش میں نمونیا ٹیکہ کو شامل نہ کرنے کی وجہ سے یہاں صرف 11 ٹیکے استعمال ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ جاپانی انسیفلائٹس ٹیکہ صرف متاثرہ اضلاع میں فراہم کیا جاتا ہے۔
نمونیا کا ٹیکہ فراہم نہ ہونے کی وجہ سے ریاست میں ہر سال نوزائیدہ سے پانچ سال تک کے بچے بڑی تعداد میں مرجاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ماہرین نے اس ٹیکہ کو قومی ویکسی نیشن پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
ضلعی امیونائزیشن افسر نے بتایا کہ سنہ 2019 میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت لکھیم پور کھیری، سدھارتھ نگر، سیتا پور، بہرائچ، شراوستی اور بلرام پور جیسے اضلاع میں بچوں کو نمونیا کا ٹیکہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مثبت نتائج حاصل ہونے کے بعد یہ ٹیکہ یکم دسمبر سے ریاست میں شروع کیا جانا تھا لیکن یہ ٹیکہ پوری ریاست کے لیے دستیاب نہیں تھا اب اس کا باقاعدہ آغاز مارچ میں کیا جائے گا۔
یہ شیڈول ہوگا
'نیموکوکل' کی پہلی خوراک بچے کی پیدائش کے بعد پہلے ڈیڑھ ماہ، ساڑھے تین ماہ میں دوسری خوراک اور بوسٹر کی خوراک نو ماہ میں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس ٹیکہ کے چار ہزار روپے نجی اسپتالوں میں لگتے ہیں۔لیکن قومی ویکسینیشن پروگرام میں اس ٹیکہ کا پورا کورس مفت ہوگا یعنی کوئی پیسے نہیں دینے ہوں گے۔