ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اس کے لیے باقاعدہ زمین بھی تلاش کر لی ہے۔ شہر کے ایلن کلب سبزی منڈی کو ہٹاکر وہاں گاڑی پارکنگ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
بریلی شہر کو ٹریفک جام اور سڑک حادثات سے بچانے کے لیے میونسپل کارپوریشن نے کثیر منزلہ پارکنگ سینٹر بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے اس کے لیے کثیر منزلہ پارکنگ سینٹر کا خاکہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ بریلی شہر مرکز اور ریاست اتر پردیش کی دارالحکومت کے درمیان بسا ہے اور یہاں سے دہلی اور لکھنؤ کا فاصلہ تقریباً 250 کلومیٹر ہے۔ اسکے باوجود یہاں پارکنگ کا کوئی معقول نظم نہیں ہے۔
غور طلب ہے کہ بریلی شہر کی آبادی بارہ لاکھ سے زائد ہے اور تمام پہلوؤں سے بریلی ترقی یافتہ شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
میڈیکل اور تعلیم کے معاملے بھی میں بریلی شہر کا شمار اتر پردیش کے دس بڑے شہروں میں کیا جاتا ہے۔ اس شہر کو اسمارٹ سٹی کے درجہ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔شہر میں ایک نجی پارکنگ سینٹر ہے جو کہ آبادی و ضرورت کے لحاظ سے ناکافی ہے۔
شہری عوام پارکنگ نہ ہونے کے سبب اپنی گاڑیاں سڑک پر ہی لگاکر سامان کی خریداری کرتی ہے جس کے باعث ٹریفک جام بھی ہوتا ہے اور گاڑیوں کا چالان بھی ہوتا ہے۔ فی الحال بریلی میونسپل کارپوریشن کثیر منزلہ پارکنگ سینٹر کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔