لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر و سابق وزیراعلی اکھلیش یادو نے منگل کو الزام لگایا کہ بی جے پی ھکومت میں آئے دن نئے نئے گھپلے اجاگر ہورہے ہیں۔
ایس پی صدر نے کہا کہ ریاست میں محکمہ صحت میں دوائیوں کے نام پر لوٹ مچی ہوئی ہے۔ مریضوں کی جان کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے۔ لیکن نہ تو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور نہ ہی وزیر صحت مینکیشور شرن سنگھ کو اس کی فکر ہے۔ وہ صرف واہ واہی لوٹنے اور اخبارات میں نام شائع کروانے میں مصروف ہیں۔
یادو نے کہا کہ دواؤں کی خرید میں سابقہ گھپلوں کی ہوئی جانچ کا نتیجہ کیا ہوا؟۔ادھر ریاست میں پھر سے نئے نئے گھپلے اجاگر ہورہے ہیں۔ اس گھپلے میں اوپر سے نیچے تک کی افراد ملوث ہیں جس کی وجہ خاطیوں پر کوئی کاروائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ معاملہ وٹامن اے سے جڑا ہوا ہے۔ وٹامن اے کی سی سی کی خرید کو لے کر محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر گھپلہ سامنے آیا ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں وٹامن اے کے خراب دوا سپلائی کی گئی۔ سپلائی کی گئی وٹامن اے کی دوا کی کوالٹی بے حد خراب پائی گئی ہے۔ عوام الناس اور بچوں کے لئے جو وٹامن اے کی سیرپ اسپتال میں دستیاب کرائی گئی ہے وہ دوا سی سی میں ہی جم جارہی ہے۔ اس سے پہلے بھی 16کروڑ روپئے کی خراب کوالٹی کی دواؤں کی خرید کا معاملہ سامنے آیا تھا۔حکومت نے اس کی لیپا پوتی کردی اور جانچ کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا میں دوائیوں میں بڑے پیمانے پر ہیرا۔پھیری کا بھی معاملہ سامنے آیا۔ بی جے پی حکومت میں ہی سال2021۔22 میں نیشنل اینیمل ڈیزیز کنٹرول پروگرام کے تحت جن اشیاء کی خرید ہوئی اس میں بھی بڑے پیمانے پر گھپلہ ہوا۔ اس میں بھی ایک محتاط اندازے کے مطابق 50کروڑ روپئے کا گھپلہ ہوا ہے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ ریاست کی حالت یہ ہے کہ محکمہ صحت میں محکمہ کے وزیر کی ہدایت پر بھی کاروائی نہیں ہورہی ہے۔ محکمہ کے مملکتی وزیر نے ایک فرم کی جانچ کے لئے لکھا تھا۔ اس کے باوجود اس فرم کے لوگ ٹینڈر میں اپنی شرطیں نافذ کرواتے ہیں اور وزیر کے خط پر سب آنکھیں بند کئے بیٹھے ہوئے ہیں۔
یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت عوام الناس کو کوالٹی پر مبنی رعایتی شرحوں پر دوائیاں دینے میں ناکام رہی ہے۔ طبی سہولیات پوری طرح سے خستہ حالی کا شکار ہیں۔ اسپتالوں میں نہ دوائیں ہیں اور نہ ڈاکٹر، مریضوں کو اسپتالوں تک لے جانے کے لئے ایس پی حکومت نے جو ڈائل 108اور102 ایمبولنس سروس کا آغاز کیا تھا جسے بی جےپی حکومت نے پوری طرح سے برباد کردیا ہے۔ بی جے پی حکومت کے کے میعاد کار میں ان خدمات میں بھی تمام گھپلے سامنے آرہے ہیں۔اس حکومت میں صرف لوٹ مچی ہے۔
یواین آئی