ضلع مظفر نگر کلکٹریٹ احاطے میں درجنوں تاجروں نے کورونا وبا کی وجہ سے درپیش مشکلات سے وزیراعظم کو باور کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ کے ذریعے وزیراعظم کو میمورنڈم بھیجا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ مارچ 2020 سے کورونا کی وبا پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کاروبار پر کافی بُرا اثر پڑا ہے۔ انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لیے حکومت جلد سے جلد اس مشکل کا حل تلاش کرے تاکہ ان کا کاروبار دوبارہ پٹری پر لوٹ سکے۔
تاجروں نے کہا کہ اس وبا سے تجارت اس قدر کم ہو گئی ہے کہ وہ بینکوں کے قرضوں کی ادائیگی کرنے سے بھی قاصر ہیں جبکہ اسٹاف کی تنخواہ بھی نہیں دے پارہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس جانب توجہ دی جائے تاکہ ان کا کاروبار پھر سے چل سکے۔