ملک میں ایک بار پھر سے کورونا وبا نے پیر پھیلانے شروع کر دیے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں درجہ ایک سے درجہ آٹھ تک کے سبھی اسکولز و مدارس کو 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہیں سب کے مدنظر گزشتہ برس ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا اور ان لاک بھی لگایا گیا تھا جس کی وجہ سے ملک میں کورونا وبا کا اثر کافی حد تک کم بھی ہو گیا تھا اور زندگی ایک بار پھر سے پٹری پر لوٹنے لگی تھی۔
ابھی حال ہی میں یکم مارچ کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق اسکولز، کالجز و مدارس کھولنے کا حکم دیا گیا تھا۔ بچوں نے ایک طویل عرصے سے بند اسکولز، کالجز اور مدارس پھر سے جانا شروع کیا ہی تھا کہ ایک بار پھر سے کورونا وبا کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے ضلع مظفر نگر میں درجہ 1 سے 8 تک کے تمام اسکولز و مدارس کو 31 مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اسکول انسپیکٹر گجیندر کمار نے بتایا کہ گزشتہ دس پندرہ روز سے کورونا معاملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ آج ہماری ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارادھنا شکلا سے ہمیں ایک خط موصول ہوا جس میں درجہ ایک سے درجہ آٹھ تک کی تمام کلاسز آج سے 31 مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان سے اوپر کی جماعتیں یعنی درجہ 9 سے 12 تک کی کلاسز کو کل سے 31 مارچ تک کے لئے بند کر دیا جائے گا۔ اس کے پیچھے ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ کچھ ریاستوں میں کورونا وبا معاملے میں مسلسل اضافہ ہوتا ہوا دیکھا جا رہا ہے اور بچوں میں کورونا وبا کا انفیکشن نہ پھیل جائے اس لیے انہیں اسکولز میں بھیڑ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے فی الحال اسکولز کو 31 مارچ تک بند کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 31 مارچ کے بعد جو بھی حکومت کے ذریعے ہمیں ہدایت ملے گی۔ ہم اس پر عمل آوری کریں گے۔ فی الحال ابھی یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ جن اسکولز میں امتحانات جاری ہیں وہ جاری رہیں گے لیکن اس دوران اسکولز میں کورونا کے رہنما خطوط پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ ماسک اور سینیٹائزیشن کے استعمال اور معاشرتی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو کورونا وائرس کے اضافی معاملے کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ یو گی آدیتیہ ناتھ نے ریاست میں ایک سے آٹھ تک کے اسکول 24 سے 31 مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ہولی سمیت دیگر تہواروں اور پنچایت الیکشن اور ملک کے مختلف ریاستوں میں کورونا انفیکشن میں اضافے کی وجہ سے اترپردیش میں خاص احتیاطی تدابیر برتنے کی ہدایت دیے ہیں۔