مظفر نگر: دہلی-دہرا دون قومی شاہراہ 58 پر منگل کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ میں چھ افراد کی دردناک موت ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دہلی کے شاہدرہ کے رہنے والے چھ نوجوان کار میں ہریدوار جارہے تھے۔ جیسے ہی کار منگل کی صبح 4:00 بجے مظفر نگر کے رام پور تیراہا پہنچی تو تیز رفتاری کے سبب ہائی وے پر کھڑے 22 ٹاویرا ٹرک کے نیچے جا گھسی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پوری کی پوری کار ٹرک کے نیچے دب گئی اور کار میں سوار تمام چھ نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے کرین کی مدد سے ٹرک کے نیچے پھنسی کار کو باہر نکال کر سبھی لاشوں کو باہر نکالا اور پولیس نے سبھی کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے سی او صدر ونے گوتم نے بتایا کہ آج، 14.11.2023 کو، تقریباً 04.00 بجے، چھپار پولیس کو شاہ پور کٹ NH 58 پر ایک سڑک حادثہ کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملنے پر ایریا آفیسر صدر اور تھانہ انچارج چھپار نے فوراً موقع پر پہنچ کر جائے واقعہ کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ ایک کار بے قابو ہو کر مظفر نگر سے ہریدوار کی طرف جانے والے ایک ٹرک سے پیچھے سے جا گھسی۔ جس میں کار میں سوار تمام 6 نوجوانوں کی موقع پر ہی دردناک موت ہو گئی۔ تیز رفتاری کے سبب اور کنٹرول نہ ہونے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ سبھی شاہدرہ، دہلی کے رہنے والے ہیں۔ تھانہ چھپار پولیس نے متوفی کے لواحقین کو اطلاع کر کے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا اور تباہ شدہ گاڑی کو موقع سے ہٹا کر ٹریفک کو شروع کروایا گیا۔