مظفرنگر: ریاست اترپردیش میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے مدنظر محکمۂ پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ محکمۂ پولیس کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں میں خصوصی تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اترپردیش کی پولیس بلدیاتی انتخابات کو پر امن منعقد کرانے میں کوئی کسر چھوڑنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ اسی درمیان مظفر نگر پولیس اور ایس او جی کی مشترکہ ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر ایک بند اینٹوں کے بھٹے پر چلنے والی غیر قانونی اسلحہ کی فیکٹری پر چھاپہ ماری مہم چلائی۔ چھاپہ ماری مہم کے دوران پولیس نے غیر قانونی اسلحہ بنانے والے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بھاری مقدار میں بنے ہوئے غیر قانونی ہتھیاروں کے ذخیرہ برآمد کیا۔
پولیس نے خصوصی تلاشی مہم کے دوران ہتھیاربنانے کا سازو سامان بھی برآمد کیا ہے۔ ایس پی سٹی ستیہ نارائن پرجاپت نے بتایا کہ ریاست میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو پرامن انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر ضلع مظفر نگر میں غیر قانونی ہتھیار بنانے اور سپلائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Murder in Pratapgarh بھائی کا گولی مار کر قتل کرنے کے معاملے میں تین ملزمان نامزد
پولیس اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ فیکٹری میں بڑے پیمانے پر اسلحہ بنانے کا کام کیا جا رہا تھا. فیکٹری میں موجود چھ لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔اس دوران 35 سے زائد اسلحہ برآمد کئے گئے ہیں۔ اس علاوہ 100 نامکمل پستول برآمد کئے گئے ہیں۔