اترپردیش میں سب انسپکٹر انتصار علی کو آج داڑھی رکھنے کی وجہ سے معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں پولیس لائن بھیج دیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق علی کو تین بار اس حوالے سے تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ داڑھی کٹوا لیں یا اس کے لیے مطلوبہ اجازت لیں۔ تاہم، پولیس اہلکار نے اس کی اجازت نہیں لی اور داڑھی رکھنا جاری رکھا۔
باغپت کے ایس پی ابھیشیک سنگھ نے کہا کہ پولیس مینوئل کے مطابق صرف سکھوں کو داڑھی رکھنے کی اجازت ہے جبکہ دیگر تمام پولیس اہلکاروں کو داڑھی رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔
ایس پی نے مزید کہا کہ اگر کوئی پولیس اہلکار داڑھی رکھنا چاہتا ہے تو اسے اس کی اجازت لینی ہوتی ہے۔ تاہم انصار علی سے بار بار اجازت لینے کو کہا گیا تھا، لیکن انہوں نے اس کی تعمیل نہیں کی اور داڑھی کو بغیر اجازت رکھا۔
واضح رہے کہ علی پولیس فورس میں سب انسپکٹر کی عہدے پر فائز تھے اور گذشتہ تین برسوں سے باغپت کے رمالا تھانہ میں تعینات تھے۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے داڑھی رکھنے کے لیے اجازت مانگی تھی لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔