ریاست اترپردیش کے مرادآباد میں موٹر گاڑیوں کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی گروہ کا پتہ چلا ہے جبکہ پولیس نے گروہ کے 2 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔
مراد آباد پولیس کے مطابق پٹرولنگ کے دوران بغیر نمبر پلیٹ گاڑی پر دو لوگ جارہے تھے جنہیں حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی گئی جس کے بعد بین ریاستی سرقہ کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا۔
کلدیپ سنگھ اے ایس پی مرادآباد پولیس کے مطابق ٹولی کے ارکان پنجاب اور ہریانہ سے گاڑیاں سرقہ کرکے انہیں اترپردیش کے مختلف اضلاع میں فروخت کیا کرتے تھے۔ گرفتار دو سارقین کی شناخت محمد ناصر اور نسیم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سارقین کے قبضہ سے 3 موٹر سیکلوں کے علاوہ ایک جنریٹر کو برآمد کیا گیا اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چوروں نے ٹولی کے دیگر دو ارکان کے بارے میں بھی بتایا ہے جبکہ ان کی شناخت ستویر سنگھ اور جے ویر سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔