اطلاعات کے مطابق عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر علی گڑھ کے میونسپل کمشنر ستیہ پرکاش پٹیل نے ماحول کو بچانے کے لیے ایک اچھی پہل کرتے ہوئے ہفتہ میں تین روز سائیکل چلا کر دفتر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہیں میونسپل کمشنر نے گھنٹہ گھر کے قریب ایک پودہ لگا کر ماحول کو بچانے کے لئے نئی مہم کی شروعات کرتے ہوئے علی گڑھ کے مختلف مقامات پر سائیکل سے دورہ کیا۔
میونسپل کمشنر ستیہ پرکاش پٹیل نے بتایا کہ علی گڑھ کے باشندوں میں ماحول کے بارے میں عوامی شعور پیدا کرنے کے مقصد سے میں نے محکمے کی گاڑی چھوڑ کر سائیکل سے شہر کا دورہ کیا ہے۔
میونسپل کمشنر نے جمال پور، میڈیکل روڈ، رام گھاٹ روڈ، کشنپور تیراہ، کوارسی بائی پاس، سینٹر پوائنٹ، گھنٹہ گھر، جیل فلائی اوور کا سائیکل کے ذریعے دورہ کیا اور اپنے تمام ماتحت افراد کو کم سے کم پانچ پودے لگانے کو کہا، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کووڈ 19 کے لیے ہمیں اپنے آس پاس کے ماحول کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے لہذا شہریوں کوعالمی ماحول کی قدر سمجھنے کے لئے اپنے گھروں میں درخت، لگانا چاہیے۔