نوئیڈا اتھارٹی کی صفائی مہم میں کلیدی رول ادا کرنے اورکورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال کے موقع پر نوئیڈا میں اپنی بساط سے بڑھ کر عوامی خدمت اور نمایاں خدمات سرانجام دینے کے اعتراف میں نوئیڈا سکٹر 8 جامع مسجد کے مفتی راشد کو نوئیڈا اتھارٹی نے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
مفتی راشد نے نہ صرف لوگوں کی عوامی خدمات کے تحت مدد کی بلکہ نوئیڈا اتھارٹی کے ساتھ مل کر نوئیڈا کی صفائی مہم میں بھی کلیدی رول ادا کیا۔
نوئیڈا کے اندرا گاندھی آرٹ سینٹر میں منعقدہ صفائی کے فروغ سے متعلق پروگرام میں آج مفتی راشد کو سیکڑوں لوگوں کی موجودگی میں نوئیڈا اتھارٹی کی سی ای او ریتو ماہیشوری نے اعزاز سے سرفراز کیا۔
نوئیڈا اتھارٹی بھی اس بات سے واقف ہے کہ اساتذہ کرام معاشرے کی وہ عظیم ہستیاں ہیں جو نئی نسل کو زیور تعلیم اور معاشرتی اصلاحات سے آراستہ اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرتے ہیں، معاشرے میں بھی اصلاح کرتے ہیں۔
طلباء اور عوام کو نہ صرف جسمانی صحت و صفائی کے اصول سکھاتے ہیں بلکہ روحانی بیماریوں سے چھٹکارہ دلا کر معاشرے کا ایک کارآمد فرد بھی بناتے ہیں۔
اس مقاصد میں مفتی راشد نے اپنا بھر پور رول ادا کیا۔ جس کی نوئیڈا انتظامیہ بھی معترف ہوئی۔
انہوں نے مذہب ،فرقہ اور ذات پات سے اوپر اٹھ کر لوگوں کی مدد کی اور صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے حوالے سے کام کیا۔
اس اعزاز کے حصول کے بعد مفتی راشد کو مختلف سیاسی،کاروباری سماجی شخصیات نے مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا ہے۔