علیگڑھ: مادری زبان سے متعلق بی این منڈل یونیورسٹی، بہار کے شعبۂ اردو میں طلبہ کے ایک خصوصی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبۂ اردو کے صدر و اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی نے کہا علم کے اسرار و رموز جتنی آسانی سے مادری زبان میں سمجھے جا سکتے ہیں، اتنی آسانی سے کسی دوسری زبان میں نہیں سمجھے جا سکتے اور یہی وجہ ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ مادری زبان میں تعلیم پر زور بڑھتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
AMU Students Dharna ساتویں روز طلبہ کے دھرنے کو طالبات کی حمایت حاصل
انہوں نے کہا کہ ہر زبان کے ادب کا روح سے گہرا تعلق ہوتا ہے اور یہ تعلق جتنا گہرا اور مستحکم ہوتا ہے اتنا ہی انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ لکھنے کی مشق کریں اور روز تھوڑا تھوڑا لکھ کر اپنے اساتذہ کو دکھائیں اور ان کے مشوروں کی روشنی میں اپنی تحریری صلاحیت کو بڑھائیں۔ پروفیسر فریدی نے کہا کہ آج جو طالب علم ہیں وہی آنے والے کل کے ادیب، نقاد اور شاعر ہیں، کیونکہ آج جنہیں بڑا ادیب، نقاد یا شاعر ہونے کا اختصاص حاصل ہے وہ ماضی میں طلاب علم ہی تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ طالب علمی کے دور میں ہی لکھنے کی زبردست مشق کی جائے اور اپنے ہنر کو نکھارا جائے۔ اس موقع پر صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر محمد احسان نے کہا کہ کسی زبان کا سیکھنا مشکل نہیں ہے۔ مسلسل محنت، توجہ، لگن اور دیانت داری سے کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ شعبۂ اردو کے استاد ڈاکٹر سجاد اختر نے مہمان خصوصی پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی کا تعارف کرایا۔