ریاست اترپردیش میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، اس موقع پر مساجد میں نماز ادا کرنے پر بھی پوری طرح پابندی رہی، یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ جب رمضان المبارک میں مساجد میں خاموشی چھائی رہی۔ مساجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زندگی میں ایسا پرآشوب اور افسوسناک منظر کبھی نہیں دیکھا کہ رمضان المبارک جیسے عبادت کے مہینہ میں بھی مساجد خالی رہی اور مساجد میں نمازیوں سے نا آنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔
رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ریاستی حکومت نے ضلع کے میونسپل کارپوریشن کے دائرے میں آنے والے شہری علاقوں میں روزانہ رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ظاہر ہے کہ عشاء کی نماز اور تراویح رات آٹھ بجے کے بعد ادا ہوتی ہیں اور فجر کی نماز صبح سات بجے سے پہلے ادا کی جاتی ہے، اس سے صاف ظاہر ہے کہ مساجد میں فجر کی نماز اور عشاء کی نماز کے علاوہ تراویح ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ صرف ظہر، عصر اور مغرب کی نماز ہی مساجد میں ادا کی جا سکے گی۔
علاوہ ازیں بروز ہفتہ کی شام آٹھ بجے سے بروز پیر کی صبح سات بجے تک مسلسل 35 گھنٹے کا لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی صورت میں اس درمیان تمام نمازوں کی مساجد میں ادائیگی پر پوری طرح پابندی ہے، لہذا تمام لوگ اپنے گھر میں ہی نماز ادا کریں۔