ریاست اترپردیش کے مرادآباد ایم ایچ ڈگری کالج میں جمعیت المنصور مرادآباد یونٹ کی جانب سے منصوری اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر جاوید اقبال منصوری، قومی صدر آل انڈیا جمیعت المنصور اور سابق وزیر مملکت آر اے عثمانی اور سابق جج مشفّی احمد منصوری نے شرکت کی۔
جاوید اقبال منصوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی پارٹیاں منصوری برادری کو سیاست میں جگہ نہیں دیتیں، انہیں انتخابی میدان میں نہیں اتارا جاتا، ہم مانگ کرتے ہیں کہ سیاست میں سیاسی پارٹیاں منصوری برادری کو بڑھاوا دیں اور ان کو الیکشن میں اتاریں۔
منچ سے کامل منصوری نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں ہمیں اپنے بچوں کو اعلی تعلیم دلاکر اعلی عہدوں پر فائز کرانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں سماج میں زندہ رہنے کیلئے اور برابری کا حق حاصل کرنے کیلئے ہمیں تعلیم کے ہتھیار کو استعمال کرنا ہوگا ملک کی ترقی کیلئے سماج کو برائیوں سے بچانے کیلئے ہمیں اپنے بچوں کو اعلی تعلیم دلانا ضروری ہے۔ مسلم سماج میں پھیلی برائیوں کو دور کرنے کیلئے ہمیں اپنے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔
منصوری برادری کے نو جوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی برادری کے ساتھ ہی معاشرے کے تمام طبقات کو تعلیم کے لئے آگاہی دینا ہوگی۔