اس موقع پر مولانا سلمان حسینی ندوی کے ساتھ ہی ملک و ملت کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
رامپور کے ضلع سہکاری بینک کے کانفرنس ہال میں گذشتہ روز ملک و ملت کے نامور اسکالرز اور علماء کرام کا ایک پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں عالم اسلام کی معروف شخصیت مولانا سلمان حسینی ندوی، مولانا محسن عثمانی کے علاوہ دیگر مذاہب کی مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع معروف اسلامی اسکالر مولانا محسن عثمانی کی دو کتابوں کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا۔
معروف صحافی معصوم مرادآبادی نے حاضرین جلسہ کے سامنے مولانا عثمانی کی کتاب 'حالات حاضرہ اور ہندوستانی مسلمان' کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب مولانا عثمانی کے مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانوں کو درپیش چیلنجز سے متعلق تحریر کیے تھے۔ وہیں انہوں نے دوسری کتاب 'فضائل اخلاق اور خدمت خلق' سے متعلق کہا کہ یہ کتاب اخلاق کو سنوارنے اور خدمت خلق کے جذبہ کو بیدار کرنے میں کافی اہم ہے۔
اپنی تصانیف سے متعلق ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مولانا محسن عثمانی نے کہا کہ برادران وطن سے بہتر تعلقات قائم کرنے اور ان تک اپنے اخلاق سے اسلام کا صحیح تعارف پیش کرنے کے مقصد سے یہ کتابیں تصنیف کی گئی ہیں۔
پروگرام میں موجود مولانا سلمان حسینی ندوی نے مولانا عثمانی کی ان کتابوں کا اجراء کرکے یہ دونوں کتاب وشو ہندو پریشد کے رہنماء دھننجے پاٹھک کو بطور ہدیہ پیش کیں۔ اس موقع پر اسلامی اسکالر سید عبداللہ طارق نے بھی خطاب کیا اور تمام مہمانان و حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ پروگرام کی نظامت کا فریضہ سومو طارق نے اپنے منفرد انداز میں انجام دیا۔