ملک سمیت پوری دنیا میں کورونا وائرس جیسی وباء پھیلی ہوئی ہے۔ کورونا سے ملک کے عوام کو بچانے کے لیے حکومت کی طرف سے 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
اسی لاک ڈاؤن کے دوران جب اترپردیش کے شہر بریلی میں پولیس اہلکاروں نے گاؤں والوں سے گھر سے باہر نہ نکلنے اور گھر میں رہنے کی تنبیہ کی تو یہ لوگ مشتعل ہوگئے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔
جب پولیس نے باہر گھومنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا اور انہیں گھر کے اندر رہنے کی تنبیہ کی تو دیہاتیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کی وجہ سے آئی پی ایس افسر ابھیشیک ورما زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فوری طور پر فورس کو بلایا اور وہاں کے دیہاتیوں کو بھگا دیا۔ پولیس نے ہجوم کے ساتھ پولیس پر حملہ کرنے والے 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
وہیں پولیس مسلسل دیہی علاقوں میں جا کر ان گاؤں والوں کی تلاش کر رہی ہے جو اس میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سب کی شناخت ہوگئی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔